ملک کے خلاف سازشیں کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کا وقت آچکا ہے، وزیراعظم

پختونخوا کے بعض علاقوں اور بلوچستان میں جو سازشیں بُنی جا رہی ہیں، اس کا اچھی طرح علم ہے، شہباز شریف


ویب ڈیسک January 03, 2025
(فوٹو: فائل)

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے، ملک کے خلاف ساشیں بُننے الوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کا وقت آچکا ہے۔

نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک اور اچھا موقع ہے کہ پاکستان نے سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکن کی حیثیت سے 2 سال کے لیے ذمے داری سنبھال لی ہے۔ ان شا اللہ اس دوران پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اور عالمی سفارت کاری میں اپنی پوری استعداد کے ساتھ شریک ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے، سرحد پار سے پاکستان پر چند روز قبل جو حملہ ہوا ، اس کا منہ توڑ جواب دیا گیا ۔ یہاں پر ان کے جو گھس بیٹھیے موجود ہیں خاص طور پر پختونخوا کے بعض علاقوں میں اور بلوچستان میں جو پاکستان کے خلاف مختلف قسم کی سازشیں بُنی جا رہی ہیں، ان میں جو خارجی ہاتھ ہے، اس کا ہمیں اچھی طرح علم ہے کہ کن ممالک سے انہیں سپورٹ مل رہی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس، اہم فیصلے متوقع

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے کل ایجنڈا ڈسکس کیا تھا کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر کس طرح لانا ہے، وہ تبھی شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے جب ہم سب مل کر امن و امان کو پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاق سمیت گلگت بلتستان و آزاد کشمیر میں مزید بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنۃ الخوارج کا بھی مکمل صفایا کرنے کا وقت آ چکا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کل میں نے گزارش کی تھی کہ کس طرح سے دوبارہ یہ فتنہ سر اٹھا رہا ہے، آج اس پر بات ہیں ہوگی، تاہم صرف یہی گزارش کروں گا کہ صوبے کروفاق اور دفاعی اداروں کے ساتھ مل کر مربوط پلان بنائیں، جس کا پاکستان کی بہتری اور خوش حالی سے تعلق ہو۔ بطور وزیراعظم میں اسے سراہوں گا کیوں کہ قومی مفاد ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح ڈیجیٹل محاذ پر جو پاکستان کے خلاف زہر اگلا جا رہا ہے، پاکستان سے باہر جو ایجنٹ بیٹھے ہیں، پاکستان کے دشمن بیٹھے ہیں، جس طرح سے وہ پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں، یہ بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ وہ جھوٹ کے ذریعے حقائق کو مسخ کرکے سوشل میڈیا پر پیش کررہے ہیں، جس سے ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے کہ پاکستان کے خلاف جھوٹ کی بنیاد پر سوالیہ نشان اٹھائے جا رہے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ایک سیاسی جماعت پر گولیاں برسائی گئیں وزیراعظم کہہ رہے ہیں کچھ نہیں ہوا،علی امین گنڈا پور

وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے چند ہفتوں میں جو کچھ ہوا، اسلام آباد پر جو یلغار اور چڑھائی کی گئی، اس پر سوشل میڈیا میں جو جھوٹ کا طوفان اٹھایا گیا، حالیہ وقتوں میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔ اسے اگر ہم نے ختم نہ کیا تو ہماری تمام کاوشیں دریابرد ہو جائیں گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم سب کو یہ یاد رکھنا ہوگا کہ ملک کی خاطر فورسز جو قربانیاں دے رہی ہیں، یہ رائیگاں نہیں جائیں گی اور جو عناصر ان قربانیوں کو غیر اہم سمجھ رہے ہیں، وہ بہت بڑی بھول میں ہیں۔ ان شا اللہ پاکستان قائم و دائم رہے گا اور ان قربانیوں کے نتیجے میں ہم اتحاد اور عمل کے راستے پر چلتے ہوئے فتنوں کا خاتمہ اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں