19 سالہ لڑکی نے انسٹاگرام پر لائیو خودکشی کرلی

نوجوان انفلوئنسر محبت میں دل ٹوٹنے کی وجہ سے بہت زیادہ غمگین تھی

بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں 19 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر انکور ناتھ نے انسٹاگرام پر لائیو اسٹریمنگ کے دوران خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لائیو خودکشی کے اس واقعے کے وقت کم از کم 21 فالوورز آن لائن تھے، جنھوں نے یہ منظر براہ راست دیکھا، لیکن وہ اسے بچانے کےلیے بروقت کوئی اقدام کرنے سے قاصر تھے۔

لائیو اسٹریمنگ کے دوران جب انکور ناتھ نے خودکشی کی باتیں شروع کیں تو کچھ فالوورز نے حالات کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے مداخلت کی کوشش بھی کی۔ اور چند مقامی لوگ رائے پور سے 150 کلومیٹر دور نواگڑھ قصبے میں اس کے گھر بھی پہنچے۔ تاہم انہوں نے گھر کو اندر سے بند پایا۔

لوگوں کے پہنچنے پر پڑوسیوں نے انکور کے کمرے کا دروازہ توڑا جہاں وہ پھانسی سے لٹکی ہوئی تھی۔ سوشل میڈیا انفلوئنسر کو فوری طور پر قریبی مرکزِ صحت لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

انکور کے انسٹاگرام فالوورز میں سے ایک نے پولیس کو بتایا کہ وہ خود کو بے بس محسوس کر رہا ہے کیونکہ وہ اسے ذاتی طور پر نہیں جانتا تھا اور اسے یہ نہیں معلوم تھا کہ اسے بچانے کےلیے اس تک کیسے پہنچے۔ جبکہ ایک اور فالوور نے بھی انکور کو فون کال کرنے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہیں ہوسکا۔

لواحقین نے پولیس کو بتایا ہے کہ انکورناتھ سوشل میڈیا پر بہت مصروف رہتی تھی اور اکثر ایسی ریلیز اور ویڈیوز پوسٹ کرتی تھی جس پر بہت ویوز آتے۔ پولیس انفلوئنسر کی دماغی حالت کو سمجھنے کےلیے اس کے موبائل فون کی جانچ کر رہی ہے جس کی وجہ سے اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان انفلوئنسر محبت میں دل ٹوٹنے کی وجہ سے بہت زیادہ غمگین تھی جس کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ اس وجہ سے اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا ہوگا۔

لڑکی کے والدین حیدرآباد میں کام کرتے ہیں، اور وہ ریاست کے دارالحکومت رائے پور سے تقریباً 150 کلومیٹر دور نواگڑھ قصبے میں اپنی بڑی بہن کے ساتھ رہتی تھی۔

Load Next Story