اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی ایف آئی اے افسر بن کر اسلحے کے زور پر شہری کے اغواء اور ڈکیتی کے شریک ملزم ارباز عباسی کی ضمانت مسترد کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے ضمانت مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلے کے مطابق ملزم کا کیس سے تعلق ثابت کرنے کیلئے کافی مواد ریکارڈ پر موجود ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان اسلحہ سمیت ضماد خان کے دفتر میں داخل ہوئے اور ہتھکڑی لگائی۔ ملزمان نے شہری کو اغواء کیا اور 130 لیپ ٹاپ اور سامان ساتھ لے گئے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے 4 لاکھ روپے چھین لیے اور مزید ڈیڑھ کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ملزم کو بدنیتی سے مقدمہ میں بعد میں نامزد کیا گیا۔ وکیل کے مطابق ملزم کی شناخت پریڈ بھی قانون کے مطابق نہیں کی گئی۔
تحریری فیصلے کے مطابق ریکارڈ کے مطابق ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ٹریس کیا گیا اور شناخت پریڈ بھی کی گئی۔ ملزم سے وقوعہ میں استعمال ہونے والی پرائیویٹ سیکیورٹی ایجنسی کی وردی بھی برآمد کی گئی۔ ڈکیتی کے جرم کی سزا عمر قید ہے۔ ملزم کے وکیل مزید انکوائری کا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہے۔ ضمانت کی درخواست میرٹ کے بغیر ہے اس لیے مسترد کی جاتی ہے۔ ٹرائل کورٹ فیصلے میں دی گئی آبزرویشنز سے متاثر ہوئے بغیر کیس کا فیصلہ کرے۔