چین میں تیزی سے پھیلنے والے ایک اور وائرس نے کورونا سے زخم خوردہ دنیا کو پھر سے چوکنا کردیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وبا کی ہلاکت خیزی کے 5 سال بعد ایک اور وائرس سر اُٹھانے لگا ہے جس کی علامات بھی کورونا جیسی ہیں۔
کورونا جیسی علامات والے اس وائرس کا نام ہیومن میٹاپنیو وائرس یعنی HMPV ہے۔ نزلہ اور بخار میں مبتلا مریضوں کی بڑی تعداد اسپتال میں داخل ہے۔
اس صورت حال نے صحت عامہ سے جڑے ہر ادارے کو چوکنا کردیا ہے۔ عالمی قوتوں اور اداروں نے بھی صورت حال کی نگرانی شروع کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور تصاویر میں چین کے اسپتالوں کو مریضوں سے بھرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ جو بخار، نزلے اور سانس لینے میں تکلیف میں مبتلا تھے۔
چین کے مختلف شہروں میں کورونا جیسی پابندیاں عائد کرنے کی بھی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب چینی حکومت نے اس معاملے پر تاحال چپ سادھی ہوئی ہے جیسا کہ پانچ سال قبل کورونا وبا کے سامنے آنے پر معلومات دینے سے انکاری تھا۔