بے شمار افراد ٹیکس ادا کرنے کے قابل ہیں مگر ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں، تاجر رہنما

ٹیکس دینے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی ضرورت ہے، سابق صدر آئی سی سی آئی

اسلام آباد:

سابق صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب میں دسمبر 2024 تک آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ہدف کو عبور کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کامیابی کو پاکستان کی معیشت کی بحالی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

احسن بختاوری نے بیان میں کہا کہ ٹیکس دینے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس نیٹ ورک کا حصہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بے شمار افراد ہیں جو ٹیکس ادا کرنے کے قابل ہیں مگر ابھی تک ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں، ان افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانا ملکی معیشت کی مزید بہتری کے لیے ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس نیٹ کی وسعت سے نہ صرف ٹیکس کی وصولی میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ معیشت کو مستحکم کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور حکومتی وسائل میں اضافے کا باعث بنے گا۔

احسن بختاوری نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں نئے افراد کو شامل کرنا حکومت کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی، جو ملکی ترقی میں مزید معاون ثابت ہو گی، اس لیے ٹیکس کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور زیادہ افراد خود بخود ٹیکس کے نظام میں شامل ہوں۔

Load Next Story