کراچی میں مرغی کی قیمت کو پر لگ گئے، گوشت 740 روپے کلو تک پہنچ گیا
کراچی میں مرغی کی قیمت کو پر لگ گئے، کمشنر کراچی کی مقررہ 635روپے کلو کی خوردہ قیمت ہوا میں اڑادی گئی، شہر کے مختلف بازاروں میں مرغی کا گوشت 700روپے اور صاف گوشت 740روپے کلو تک فروخت ہونے لگا۔ انڈے بھی 380روپے درجن فروخت کیے جارہے ہیں۔
مرغی کی قیمتوں میں ایک ہفتے کے دوران 100روپے کلو کا اضافہ کردیا گیا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہول سیل سطح پر زندہ مرغی 480روپے کلو سپلائی ہورہی ہے جبکہ سرکاری قیمت 410روپے کلو مقرر ہے، اسی طرح کمشنر کراچی کی مقررہ 300روپے درجن انڈوں کی قیمت کے مقابلے میں خوردہ سطح پر انڈے 380روپے درجن فروخت کیے جارہے ہیں۔
کمشنر کراچی نے گزشتہ دو روز سے مرغی کا سرکاری نرخ نامہ بھی جاری نہیں کیا جس سے گراں فروش من مانی قیمتوں پر مرغی کا گوشت فروخت کررہے ہیں۔ دکانداروں کے مطابق موسم سرما کی وجہ سے ملک بھر میں مرغی اور انڈے کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے طلب و رسد کا توازن بگڑ گیا ہے۔
ادھر صارفین کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی مقررہ سرکاری قیمت پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور عوام کو گراں فروشی سے نجات دلائی جائے۔