اسلام آباد:
حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما حنیف عباسی نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) اور تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ان پر الزامات عائد کردیے ہیں۔
مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ محمود خان اچکزئی ملک دشمن ایجنڈے پر کاربند ہیں، ایسے وقت میں جب مغربی سرحد پر پاکستان نے دراندازی کا منہ توڑ جواب دیا ہے محمود خان دراندازی کرنے والوں کی ہمدردی میں بات کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس عمر میں اتنا جھوٹ بولتے ہوئے یہ شرماتے بھی نہیں، شہباز شریف کی اپنے بھائی سے وفاداری پر بات کرنے سے پہلے محمود خان اپنے گریبان میں جھانکیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مشرف کی وزیراعظم بننے کی پیش کش کو شہباز شریف نے ٹھکرا دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی جعلی حکومت ملک کو جان بوجھ کر خانہ جنگی کی طرف لے جارہی ہے، محمود خان اچکزئی
انہوں نے کہا کہ اپنے بھائی کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے والے شہباز شریف نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں جبکہ محمود خان منافقت کی سیاست کرتے رہے، جھوٹ اور مکر ان کا وطیرہ بن چکا ہے۔
قبل ازیں اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ اور سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران وفاقی حکومت کو شہباز شریف کی جعلی حکومت قرار دیا تھا۔
محمود خان اچکزئی نے کہا تھا کہ شہباز شریف کی جعلی حکومت ملک کو جان بوجھ کر خانہ جنگی کی طرف لے جا رہی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ فوج اور صحافیوں کو شامل کرکے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔