لاہور:
غالب مارکیٹ کے علاقے میں مالکان کے بہیمانہ تشدد کا شکار 14 سالہ بچہ تین روز تک سروسز اسپتال میں موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔
14سالہ سنی پر تشدد کا واقعہ چند روز قبل پیش آیا تھا، تھانہ غالب مارکیٹ پولیس نےو الد کے بیان پر مقدمہ درج کرنے کے بعد مین مارکیٹ کے رہائشی عاطف اور جاوید کو گرفتار کیا تھا، بچے کے نازک اعضاء سمیت جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات تھے۔
والد کے مطابق اس نے بچے کے چچا کے توسط سے اپنے 14 سالہ بیٹے سنی کو ساجد نامی شخص کے پاس چار ماہ قبل 6 ہزار روپے ماہانہ پر ملازم رکھوایا تھا جو ان کے گھر پر کام کرتا تھا۔
جاں بحق بچے کے چچا عرفان نے بتایا کہ بچے سنی کو چھ ہزار روپے ماہوار پر چوبیس گھنٹے گھر پر رکھا ہوا تھا،سنی سے جب بھی بات کرنے کے لئے فون کرتے تو مالک مکان غصے سے کال نہ کرنے کو کہتا تھا، تین دن پہلے اس نے فون کرکے کہا کہ سنی کی طبیعت خراب ہے جس پر ہم نے ان سے کہا کہ سنی کو اسپتال لے کر پہنچیں۔
جاں بحق بچے کے والد ریاض کا کہنا تھا کہ کمسن محمد سنی کی سروسز اسپتال میں حالت انتہائی نازک تھی، بچہ تین روز تک سروسز اسپتال کے آئی سی یو میں بےہوشی کی حالت میں رہا، ڈاکٹروں نے ہمیں بتایا کہ بچے سے بدفعلی بھی کی گئی، اس کے نازک حصہ کو کاٹنے کی کوشش اور جسم پر سگریٹ کے نشانات بھی موجود ہیں۔