کراچی:
نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے موٹر سائیکل چوری کر کے شہریوں سے موبائل فون جھپٹ کر فرار ہونے والے کم عمر ملزم کو گرفتار کر کے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔
ایس ایچ او غلام رسول ارباب نے بتایا کہ گرفتار نوعمر ملزم کی شناخت عبداللہ کے نام سے کی گئی جبکہ اس کا ساتھی زاہد موقع سے فرار ہوگیا، کم عمر ملزم نے اپنے ساتھی کے ہمراہ نیو کراچی سیکٹر الیون جی کے رہائشی ابراہیم سے اس کا موبائل فون جھپٹ کر فرار ہوا تھا تاہم پولیس کے موقع پر پہنچنے پر ان کا تعاقب کیا گیا اور ایک کم عمر ملزم عبداللہ کو گرفتار کر کے شہری سے چھینے گئے 2 موبائل اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی۔
ریکارڈ چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ مذکورہ موٹر سائیکل یوسف پلازہ تھانے کی حدود سے یکم جنوری کو چوری کی گئی تھی، کم عمر ملزمان کچرا چننے کے بہانے گلیوں میں گھومتے ہیں اور موقع پاکر موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہوجاتے ہیں جبکہ پولیس نے ملزمان کی موٹر سائیکل چوری کرنے کی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے۔
ایس ایچ او غلام رسول ارب کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ فرار ہونے والے اس کی ساتھی کی تلاش جاری ہے ، گرفتار ملزم ایوب گوٹھ کا رہائشی ہے ۔