لاہور:
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کے حوالے سے پشتونخواملی عوامی پارٹی اور اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے بیان پر افسوس کا اظہارکردیا۔
سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا کہ محمود خان اچکزئی صاحب جیسے سینیئر اور قابل احترام سیاست دان سے ایسی خلاف حقیقت گفتگو کی توقع نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ خود محمود خان اچکزئی گواہ ہیں کہ شہباز شریف نے ہر بار نواز شریف سے بے وفائی کرنے سے انکار کیا، تاریخ گواہ ہے کہ شہباز شریف نے تین بار وزارت عظمیٰ کی پیش کش ٹھکرائی لیکن بڑے بھائی سے بے وفائی نہیں کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف نہ صرف اپنے بھائی کے ساتھ ہر طوفان میں ڈٹ کر کھڑے رہے بلکہ ہمیشہ ان کے ساتھ جیل بھی گئے اور بدترین صعوبتیں برداشت کیں۔
یہ بھی پڑھیں: محمود خان اچکزئی کے خلاف حکمران جماعت کے سینئر رہنما کا سخت بیان
ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی رشتوں کے احترام اور وفا کی اقدار کو نبھانے کی روایت دنیا کے لیے مثال ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کے مخلصانہ اور برادرانہ رشتے میں دراڑ کی قیاس آرائیاں 40 سال سے جاری ہیں جو ہمیشہ جھوٹ اور پروپیگنڈا ثابت ہوئی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاسی منظر نامے میں شہباز شریف وہ واحد مثال ہیں جنہوں نے وزیراعظم کی کرسی پر وفاداری کو ترجیح دی اور اخلاص کے امتحان میں ہمیشہ کھرے اترے ہیں۔