چینی سائنس دانوں کو ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ جگر میں بننے والے مادے کی ایک قسم عمر درازی کے لیے بالکل ویسے ہی اثرات رکھتی ہے جو کیلوری کو محدود کرنے کا عمل رکھتا ہے۔
جرنل نیچر میں شائع ہونے والی تحقیق میں سائنس دانوں نے لِیتھوکولک ایسڈ (ایل سی اے) کے ایسے چوہوں پر اثرات دیکھے جن میں انسانی بافتوں کے ساتھ جینیاتی تبدیلی کی گئی تھی اور پھر نتائج کا موازنہ کیلوریز کو محدود کرنے سے کیا گیا۔
محققین کو معلوم ہوا کہ ایل سی اے (جو عموماً جگر میں بنتا ہے) پٹھوں کے دوبارہ بننے کے عمل کو تیز کر سکتا ہے اور گرفت کی طاقت اور دوڑنے کی صلاحیت کو بڑھا سکتا ہے۔
ماضی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کیلوریز کی کھپت کے محدود کیے جانے کےدوران مملیے ایل سی اے جمع کر لیتے ہیں اور جو میٹابولزم میں شامل اے ایم پی-ایکٹیویٹڈ پروٹین کِینیز (اے ایم پی کے) نامی ایک اہم سالمے کو فعال کرتا ہے۔
اے ایم پی کے (یہ سالما تب فعال ہوتا ہے جب گلوکوز کی سطح کم ہوتی ہے) عمر بڑھنے کے عمل میں اہم ہوتے ہیں کیوں کہ یہ سوزش اور اعصاب کی کمزوری جیسے عمل پر قابو رکھتے ہیں۔