کراچی سمیت سندھ بھر میں آج رات سے سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق سردی کی نئی لہر کے دوران رات کا درجہ حرارت 4 سے 7 ڈگری تک گرسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق مغربی ہواوں کےسلسلے سے منسلک سرد ہوائیں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا سبب بن سکتی ہیں، کم سے کم 6 ڈگری درجہ حرارت کے دوران کبھی کبھارتیزہواوں کے سبب اصل درجہ حرارت سے زیادہ سردی محسوس ہوسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفرازکےمطابق سردی کی نئی لہراتوارسے متوقع ہے، جس کے دوران دن اور رات کے درجہ حرارت میں کئی ڈگری کمی ہوسکتی ہے، تاہم شہر میں سابقہ ریکارڈ ٹوٹنے کے امکانات کم ہیں کیونکہ 15جنوری 2023 کوشہرکا کم سے کم درجہ حرارت 6ڈگری ریکارڈ ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دسمبرکا مہینہ پورے پاکستان میں 64 برسوں میں 10ویں نمبرکا خشک مہینہ رہا، جس کےدوران بارش معمول سے کم رہی، تاہم 7دسمبرکوشمالی علاقوں میں مغربی ہواؤں کے سلسلے کی وجہ سے کولڈ ویوکی صورت حال پیداہوئی، جس کے سبب پورے پاکستان میں اوسط سے0.5 ڈگری جبکہ کراچی میں اوسط سے0.76ڈگری کم درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔
غیرسرکاری ویدراسٹیشن (ویدرڈوٹ پی)جاوید میمن کے مطابق پاکستان کے مختلف مقامات میں طاقت ورمغربی سسٹم موجود ہے، جس کے نتیجے میں زیارت میں برف باری اورکوئٹہ میں بارش ہوچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اثرات کراچی میں شدید سردی کی راہ ہموارکریں گے، جیسے جیسے مغربی سلسلہ مشرق کی جانب منتقل ہوگا، اس کے نتیجے میں کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
جاوید میمن نے کہا کہ بالخصوص 5 جنوری سے7جنوری تک سردی کی شدت زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہواوں کی سمت شمال مشرق کی جانب ہونے کے سبب شہرمیں گردآلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں،جس کی وجہ سے فضائی معیارمتاثرہوسکتا ہے۔