صدر مملکت، وزیر اعظم کی لوئرکرم میں گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت

امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، انسانیت کے دشمنوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے، شہباز شریف


ویب ڈیسک January 04, 2025

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے  لوئر کرم میں گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔

ایوان صدر نے جاری اپنے ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کرم میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ شرپسند عناصر عوام کے دشمن، فساد پھیلانا چاہتے ہیں،عوام شرپسند عناصر کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہونے دے۔

صدر مملکت نے ڈپٹی کمشنر سمیت فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا۔

ان کے علاوہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی لوئر کرم کے علاقے بگان میں سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کی، وزیراعظم نے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود سمیت زخمیوں کے لیے صحتیابی کی دعا۔

وزیراعظم  نے کہا کہ امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، امن و امان میں خلل ڈالنے والوں اور انسانیت کے دشمنوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی  نے بھی سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور زخمی ہونے والے  ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود  کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، شرپسند عناصر نے فائرنگ کرکے امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی حرکت کی، دعا گو ہوں کہ اللہ تعالٰی زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ لوئرکرم میں  بگن کے علاقے میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے میں  ڈپٹی کمشنر زخمی ہو گئے تھے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود  اور 3 سیکیورٹی اہل کار زخمی ہو گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں