امریکا کے صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ جل بائیڈن کو سب سے مہنگا تحفہ کس نے دیا اس بارے میں تفصیلات سامنے آگئیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری سالانہ رپورٹ کے مطابق صدر جو بائیڈن اور ان کے اہل خانہ کو 2023 میں غیر ملکی رہنماؤں نے ہزاروں ڈالرز کے تحائف دئیے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی خاتون اول جل بائیڈن کو 20 ہزار ڈالر کا ہیرا تحفے میں دیا۔ مودی کی طرف سے پیش کیا جانے والا 7.5 کیرٹ کا ہیرا 2023 میں بائیڈن فیملی کو پیش کیا جانے والا سب سے مہنگا تحفہ تھا۔ امریکا میں یوکرین کے سفیر نے جو بائیڈن اور اہلیہ کو 14 ہزار ڈالر کا بروچ اور بریسلٹ دیا جبکہ مصری صدر کی جانب سے 4 ہزار 500 ڈالر مالیت کا تصویری البم اور بریسلٹ بطور تحفہ دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کو 525 ڈالر کے قالین کا تحفہ دیا۔ مواخذے کا سامنا کرنے والے جنوبی کوریا کے صدر سک یول یون کی جانب سے صد جو بائیڈن کو 7 ہزار 100 ڈالر کا تصویری البم، منگول وزیراعظم کی جانب سے 3 ہزار 500 ڈالر کا منگول جنگجو کا مسجمہ اور برونائی کے سلطان کا 3 ہزار 300 ڈالر کا چاندی کا پیالہ شامل ہے۔ اسرائیلی صدر نے 3 ہزار 100 ڈالر کی سلور ٹرے اور یوکرینی صدر نے 2 ہزار 400 ڈالرمالیت کا کولاج بطور تحفہ دیا۔