کراچی کے مسائل بہت ہیں لیکن ہم نے کافی حل کر دیے، وزیراعلیٰ سندھ

مراد علی شاہ کا ریسکیو  1122 کے ہائی وے ریسکیو آپریشنز کی افتتاح تقریب سے خطاب


اسٹاف رپورٹر January 04, 2025

کراچی:

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل بہت ہیں لیکن ہم نے کافی حل کر دیئے ہیں۔

سندھ ایمرجنسی سروس ریسکیو  1122 کے ہائی وے ریسکیو آپریشنز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت ہے کہ واٹر سپلائی اور نکاسی آب کی اسکیمیں صوبے بھر میں دینی ہیں۔ آج کا دن ہماری جدوجہد کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، ہم سندھ کو محفوظ، مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے کوشاں ہیں، ریسکیو  1122 عالمی معیار کی ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے کا بہترین اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کا 2022ء میں جدید ترین سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کراچی میں افتتاح کیا تھا، آج ہم ریسکیو 1122 کے سیٹلائٹ اسٹیشنز کا آغاز کر رہے ہیں جو نہ صرف بڑی شاہراہوں اور موٹرویز کے دائرہ کار میں ہنگامی خدمات سرانجام دیں گے بلکہ قریبی آبادیوں کو بھی سہارا فراہم کریں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 سندھ میں ایمرجنسی خدمات کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے، ورلڈ بینک کی معاونت سے یہ منصوبہ شروع کیا گیا تھا اور اب یہ مکمل طور پر سندھ حکومت کے محکمہ بحالی کے تحت کام کر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے ورکرز کو بین الاقوامی سطح کی اکیڈمی سے مکمل پیشہ ورانہ تربیت دی جاتی ہے، ہم سندھ کے عوام کو اعلیٰ معیار کی ایمرجنسی خدمات فراہم کرنا چاہتے ہیں، سندھ حکومت جدید ترین ریسکیو مشینری، بشمول جدید آلات اور سامان ریسکیو 1122 کو فراہم کر رہی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ عوام کو ریسکیو 1122 کے ذریعے ایمرجنسی کی صورت میں بے حد فائدہ پہنچے گا، تربیت یافتہ ریسکیو اہلکار اور جدید آلات کا یہ پیشہ ورانہ امتزاج یقیناً قیمتی جانیں بچائے گا، ریسکیو 1122 ضرورت مندوں کو بروقت مدد فراہم کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں