ڈپٹی کمشنر کرم کے قافلے پر حملہ، تحقیقاتی اداروں کی رپورٹ سامنے آگئی
کرم میں ڈپٹی کمشنر کے قافلے پر حملے کے حوالے سے تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی۔
رپورٹ کے مطابق آج امن معاہدے کے تحت ادویات اور اشیائے خور و نوش پر مشتمل سامان کا پہلا قافلہ کرم کے لیے روانہ ہوا تھا، جس کے بعد افسوس ناک واقعہ صبح 10 بج کر 35 منٹ کے قریب پیش آیا۔
قافلہ روانہ ہونے سے قبل مذاکراتی ٹیم سڑک کھلوانے کے لیے مذاکرات کر رہی تھی کہ مسلح شرپسندوں نے ڈپٹی کمشنر جاوید محسود اور سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کر دی۔ حملے میں ڈپٹی کمشنر سمیت ایک پولیس اور ایک ایف سی اہل کار زخمی ہوئے۔
پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے مل کر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مرتب کرلی ہے، جس سے صوبائی حکومت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کرم کے قافلے پر حملے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔