جنوبی کوریا: خوفناک جہاز حادثے کا وائس ریکارڈر ٹرانسکرپٹ ’تیار‘، اہم انکشافات متوقع
جنوبی کوریا کے تفتیش کاروں نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ ہفتے 179 افراد کی ہلاکت کا باعث بننے والے حادثے کے شکار ہوائی جہاز کے کاک پٹ وائس ریکارڈر کے ٹرانسکرپٹ کو حتمی شکل دینے کے قریب ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریکارڈنگ میں اتوار کو تھائی لینڈ سے جنوبی کوریا کے لیے181 مسافروں اور عملے کو لے جانے والی جیجو ایئر کی پرواز 2216 کے آخری لمحات کے حوالے اہم معلومات مل سکتی ہیں۔
جنوبی کوریا اور امریکا کے تفتیش کار جن میں طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے عہدیدار بھی شامل ہیں، تباہی کے بعد سے حادثے کی جگہ پر تحقیقات میں مصروف ہیں۔
جنوبی کوریا کی لینڈ منسٹری نے ایک بیان میں کہا کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر (سی وی آر) کا ٹرانسکرپٹ آج مکمل ہونے کی امید ہے اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر (ایف ڈی آر) کو امریکا منتقل کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ تفتیش کاروں نے رواں ہفتے جائے حادثہ سے طیارے کا انجن بھی برآمد کر لیا۔
بوئنگ 737-800 کے حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، لیکن تفتیش کاروں نے پرندے ٹکرانے، لینڈنگ گیئر میں خرابی، رن وے پر رکاوٹ کے ممکنہ وجوہات ہونے کی طرف اشارہ کیا ہے۔