گلگت:
اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو مستقبل کی چیلنجز سے ہم آہنگ کرتے ہوئے بااختیاربنانے کے لیے دونوں خطوں میں سافٹ ایئر پارکس کا قیام عمل میں لایا ہے اور مزید سہولیات کے لیے منصوبہ جاری ہے۔
اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مختلف آئی ٹی پارکس کے افتتاح کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، ان پارکس کا مقصد آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کو آئی ٹی سے منسلک خطے میں تبدیل کرنا ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایس سی او نے 16 ماہ کے ریکارڈ وقت میں 61 آئی ٹی پارکس اور فری لانسنگ ہبز کا قیام یقینی بنایا اور بتایا گیا کہ اس کا مقصد آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں مستقل آئی ٹی ماحول کی فراہمی کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں 50 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس اور فری لانسنگ ہبز کے قیام کے منصوبے کے تحت، یہ اکیسواں منصوبہ ہے، ہر آئی ٹی پارک کے دفتر میں تیز رفتار انٹرنیٹ اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی موجود ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ایس سی او معذور بچوں کے لیے آزاد زندگی کے مراکز بھی فراہم کر رہا ہے جہاں وہ بہت کچھ سیکھ رہے ہیں، ایس سی او نے خواتین کے لیے فری لانسنگ ہب بھی قائم کیے ہیں جہاں وہ محفوظ طریقے سے کام کر رہی ہیں۔
سہولیات کے ذکر میں نشان دہی کی گئی کہ ان پارکس نے 6500 نوکریاں پیدا کیں اور 1600 فری لانسرز کو بااختیار بنایا اور ایس سی او گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 100 آئی ٹی سیٹ اپ قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔