پاکستانی شہری بیوی کو چھوڑ کر بیٹی وطن لے آیا، پولینڈ کی شہری بچی کیلئے اسلام آباد آگئی

باپ کا تعلق سندھ سے ہے،عدالت کا آئی بی،ایف آئی اے کی جے آئی ٹی بنانے کا حکم، نادرا اور آئی جی سندھ سے مدد کی ہدایت


ویب ڈیسک January 04, 2025
(فوٹو : فائل)

اسلام آباد:

پاکستانی شہری کا اپنی پولِش بیٹی کو ماں کی اجازت کے بغیر دھوکا دہی کے ذریعے پاکستان لانے کا انکشاف ہوا ہے، پولینڈ کی شہری نے بیٹی کی واپسی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کا رہائشی عدیل خان اپنی پولش نیشنل بیٹی انیتا مریم خان کو جنوری 2022ء میں پاکستان لے آیا تھا۔

پولش ماں کے دعویٰ دائر کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری داخلہ کو آئی بی، ایف آئی اے اور نادرا افسران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دےدیا جو بچی کو تلاش کرے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہدایت دی ہے کہ جے آئی ٹی ہوم ڈیپارٹمنٹ اور آئی جی سندھ سے بچی اور اُس کے والد کو ٹریس کرنے کے لیے مدد لے، درخواست گزار نے شوہر کا پاسپورٹ نمبر بھی الگ سے متفرق درخواست دائر کر کے فراہم کیا، نادرا حکام ڈیٹابیس سے عدیل خان کی فیملی ٹری اور دیگر معلومات حاصل کر کے لوکیشن حاصل کی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ جے آئی ٹی عدیل خان کے شناختی کارڈز نمبر پر رجسٹرڈ موبائل سمز کی بھی معلومات حاصل کرے، ایف آئی اے حکام کے مطابق عدیل خان نے آخری بار 18 دسمبر 2024ء کو جناح ایئرپورٹ کراچی پر لینڈ کیا۔

ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ یہ پہلو اس بات کو واضح کرتا ہے کہ عدیل خان اب بھی پاکستان میں ہی موجود ہے، عدیل خان اور بیٹی انیتا مریم خان کا نام ای سی ایل اور بلیک لسٹ میں شامل کیا جائے، بچی کی حفاظت کیلئے ضروری ہے کہ موثر اقدامات اٹھائے جائیں، جے آئی ٹی کے نوٹی فکیشن تک ڈی جی ایف آئی اے ڈائریکٹر ہیومن ٹریفکنگ کراچی کو تفصیلات فراہم کریں۔

عدالت نے کہا کہ ڈائریکٹر ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نابالغ بچی اور اُسکے والد کو ٹریس کرنے کیلئے سنجیدہ کوشش کریں، ہوم سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ بھی عدیل خان اور بیٹی کو ٹریس کرنے کیلئے تعاون کریں۔

بیٹی کی پولش والدہ نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ شوہر میرے اسپتال داخل ہونے کے دوران پولینڈ نیشنل بیٹی انیتا مریم خان کو جنوری 2022ء میں پاکستان لے آیا،  پولینڈ کی ضلعی عدالت نے شوہر عدیل خان کی بیٹی حوالگی کی درخواست مسترد کی، کیس پولینڈ کی عدالت میں زیرسماعت ہونے کے دوران شوہر بدنیتی سے بیٹی کو پاکستان لے آیا،پولینڈ کی عدالت نے نومبر 2022 میں بیٹی کو چھ ماہ میں پاکستان سے پولینڈ لانے کا حکم دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس کیس کی آئندہ سماعت 21 جنوری 2025ء کو ہوگی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس سے قبل 2022ء میں بھی دو بچے پولینڈ کی دو ماؤں کے حوالے کیے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں