کراچی:
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جناح اسپتال کا معاملہ دو ماہ سے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کا مسئلہ عدالت میں چل رہا ہے اگر پیر تک مسئلہ حل نہ ہوا تو تقرری کر کے توہین عدالت کرلوں گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے جناح اسپتال کے ایگزیکٹیو (ایم ایس) کی تقرری نہ ہونے کے معاملے پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ عدالت میں چل رہا ہے اگر پیر کو مسئلہ حل نہ ہوا تو میں تقرری کردوں گا اور توہین عدالت ہو تو بے شک ہو میں تقرری کردوں گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ میں گرین انیشیٹو کیلیے اب تک کوئی زمین نہیں دی گئی ، جو زمین دی جائے گی وہاں کوئی ابادی نہیں ہوگی ۔ غیر آباد زمین دی جائے گی ْ
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت خود بھی غیر آباد زمین کو آباد کرنے کے منصوبے شروع کر رہی ہے، یہ منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کریں گے، ہائی وے پر قبضوں کی تحقیقات کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ انٹر بورڈ کراچی میں برسوں سے مسئلہ چل رہا ہے مگر اب اس کو جلد حل کریں گے۔