کراچی؛ انٹر کے نتائج کے خلاف احتجاج پر انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان

جو طلبہ نتائج سے مطمئن نہیں ہیں وہ اسکروٹنی فارم جلد از جلد بورڈ آفس میں واقع بینک بوتھ میں جمع کروادیں، چیئرمین بورڈ


ویب ڈیسک January 04, 2025
فوٹو: فائل

کراچی:

چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی سید شرف علی شاہ نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2024 کے نتائج پر طلبہ کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کے پیش نظر فوری طور پر انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کردیا ہے۔

چیئرمین انٹربورڈ کراچی سید شرف علی شاہ نے 3 جنور ی کو اپنا عہدہ سنبھالا اور عہدہ سنبھالنے کے بعد سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈزڈپارٹمنٹ محمدعباس بلوچ سے ملاقات کی۔

اجلاس میں طلبہ کے تحفظات دور کرنے کے لیےانکوائری کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کمیٹی کا مقصد نتائج کی جانچ پڑتال اور شفافیت یقینی بنانا ہے تاکہ طلبہ کے اعتماد کوبحال کیا جاسکے۔

کمیٹی اس تمام معاملے کی انکوائری کر کے ایک ماہ میں طلبہ کی شکایات کا ازالہ کرے گی۔

چیئرمین انٹربور ڈ کراچی سید شرف علی شاہ نے کہا ہے کہ طلبہ ہماری ترجیح اور مستقبل ہیں، ان کی شکایات کے تدارک کے لیے ہم ہر ممکن اقدام کریں گے، طلبہ کے تحفظات دور کرنے کے لیے قائم کمیٹی امتحانی عمل کو مزید شفاف اور معیاری بنانے کے لیے مکمل غیرجانب داری سے کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی پرچوں کی جانچ اور نتائج کی تیاری کے عمل میں شفافیت سمیت تمام پہلوؤں کا مکمل جائزہ لے گی۔

سید شرف علی شاہ نے طلبہ اور ان کے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے تحفظات اور تجاویزبراہ راست انٹربورڈ میں جمع کروائیں تاکہ کمیٹی ان کا بھی جائزہ لے سکے۔

چیئرمین انٹربورڈ کراچی نے کہا کہ وہ طلبہ جو اپنے نتائج سے مطمئن نہیں ہیں وہ اسکروٹنی فارم جلد از جلد بورڈ آفس میں واقع بینک بوتھ میں جمع کروا دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں