دنیا میں دولت ہمیشہ اثر و رسوخ کا ایک پیمانہ رہی ہے۔ تاریخ کے کچھ طاقتور ترین لوگوں نے اتنی دولت جمع کی ہے جس کا آج تصور بھی ممکن نہیں۔
آج کی تاریخ میں ایلون مسک اور بل گیٹس جیسے ناموں کو دنیا کے دولتمند افراد کے طور پر شمار کیا جاتا ہے، لیکن ان کی مشترکہ دولت چین کے شہنشاہوں میں سے ایک کے مقابلے میں رتی برابر بھی نہیں۔
ملکہ وو کے نام سے مشہور وو زیتیان نہ صرف چین کی پہلی اور واحد خاتون شہنشاہ ہی نہیں تھیں بلکہ اب تک کی سب سے امیر ترین خاتون بھی تھیں۔
ایس سی ایم پی کی ایک رپورٹ کے مطابق تانگ خاندان (624-705 عیسوی) کے دوران ان کے دور حکومت میں عالمی معیشت کے تقریبا 23 فیصد حصے پر چین کا غلبہ تھا، جس حساب سے آج ان کی دولت 14907 ارب ڈالر(41 ہزار ارب پاکستانی روپے سے زیادہ) بنتی ہے۔
اس دولت کے مقابلے میں ایک اندازے کے مطابق ایلون مسک کی دولت کا 407 ارب ڈالر اور بِل گیٹس کے اثاثوں کی مالیت 107 ارب ڈالر ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مشترکہ طور پر بھی ان کی مالیت ملکہ وو سے14 ہزار 300 ارب کم ہے۔