لاہور میں معروف قوال کے فارم ہاؤس پر ڈکیتی، اہلیہ نے فائرنگ کر کے ملزمان کو بھگادیا

واردات کے وقت فارم ہاؤس پر شہزاد خان سنتو کی اہلیہ اور بچے موجود تھے

لاہور:

لاہور: تھانہ ہیئر کی حدود بیدیاں روڈ پر معروف قوال شہزاد خان سنتو کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوئی اور مسلح افراد سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بناکر مال لوٹ کر فرار ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تین ڈاکوؤں نے قوال شہزاد خان سنتو کے فارم ہاؤس میں گھس کر سیکورٹی گارڈ کو رسیوں سے باندھا، واردات کے وقت فارم ہاؤس پر شہزاد خان سنتو کی اہلیہ اور بچے موجود تھے۔ 

قوال کے مطابق ڈکیتی کی واردات دیکھ کر اہلیہ نے واش روم میں گھس کر فائرنگ کی جس پر وہ فرار ہوگئے تاہم سیکورٹی گارڈ سے نقدی اور موبائل فون چھین کر لے گئے۔

پولیس کے نفری شہزاد سنتو کے فارم ہاؤس پر پہنچی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد اہلیہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔

ایس پی کینٹ اویس شفیق نے کہا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر زرائع کی مدد سے گردونواح میں چیک کیا جا رہا ہے، فوزیہ شہزاد کی مدعیت میں 03 کس نا معلوم ملزمان کے خلاف فوری مقدمہ درج کرلیا۔

ایس پی کینٹ کی ایس ڈی پی او برکی غلام دستگیر خان کو فوری ملزم ٹریس کر کے گرفتار کرنے کی ہدایت کردی اور یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کو جلد یقینی بنایا جائے گا۔

Load Next Story