شام کی تعمیرِ نو کے حامی ہیں لیکن کسی نئے اسلامی ڈھانچے کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے؛ یورپی ممالک

جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے شام کا دورہ کیا اور ڈی فیکٹو سربراہ احمد الشرع سے ملاقات کی


ویب ڈیسک January 05, 2025
فرانس اور جرمنی کا شام میں پُرامن اقتدار کی منتقلی اور حکومت میں تمام طبقات بالخصوص خواتین کی شمولیت پر زور

شام میں بشار الاسد کے 24 سالہ آمرانہ دورِ حکومت کا خاتمہ کرکے ملک میں عبوری حکومت قائم کرنے والے احمد الشرع المعروف ابو محمد الجولانی سے دمشق میں عالمی رہنماؤں کی ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرق وسطیٰ میں قیام امن اور شام میں بدلتی صورت حال پر فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ دمشق پہنچے ہیں اور احمد الشرع سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے احمد الشرع پر ملک میں اقتدار کی پُرامن اور جامع منتقلی کے لیے انتخابات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکومت میں تمام طبقات، اقلیتوں اور بالخصوص خواتین کی نمائندگی کا مطالبہ کیا۔

جرمنی کی وزیرخارجہ اینالینا بیئربوک نے احمد الشرع کو آگاہ کیا کہ یورپ کسی بھی نئے اسلامی ڈھانچے کو معاونت فراہم نہیں کرے گا اور ایسا کرنا نہ صرف ہمارے بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ شام کی تعمیر نو میں یورپی یونین اور ممالک مکمل تعاون کریں گے لیکن کسی نئے اسلامی ڈھانچے کی حوصلہ افزائی نہیں کرسکتے۔

فرانس کے وزیر خارجہ جین نوئل باروٹ نے جرمنی کی ہم منصب سے اتفاق کرتے ہوئے شام میں کرد عسکریت پسندوں کے مستقبل سے متعلق بھی گفتگو کی جن کو شام میں داعش کے خلاف جنگ میں فرانس سپورٹ کرتا آیا ہے۔ 

اے ایف پی کے مطابق حیات تحریر الشام کے سپریم کمانڈر اور شامی حکومت کے سربراہ احمد الشرع نے دونوں وزرائے خارجہ کو اقلیتوں کے تحفظ کی یقین دہانی کروائی ہے۔

شام کے دورے پر آئے فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ نے دمشق میں سول سائیٹی اور اقلیتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔