کراچی ایئرپورٹ پر آوارہ کتوں کی بہتات، فلائٹ سیفٹی خدشات پر حکام کا رد عمل آگیا

ایویشن ایریا میں آوارہ کتے کے ٹیکسی کرتے طیارے کے قریب آنے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا،پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی


آفتاب خان January 05, 2025

کراچی:

کراچی ایئرپورٹ پر آوارہ کتوں کی بہتات اور فلائٹ سیفٹی کیلیے خطرات کے حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کا رد عمل سامنے آگیا۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مینیجر ایئرسائیڈ نے ڈی جی پی اے اے کو ایئر سائیڈ پر جنگلی جانوروں اور گروتھ کنٹرول پر بریفنگ دی۔

پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق جنگلی جانور کے باعث کسی پرواز کی منسوخی نہیں ہوئی، جنرل ایویشن ایریا میں آوارہ کتے کے ٹیکسی کرتے طیارے کے قریب آنے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

پی اے اے کے مطابق ایئر سائیڈ مکمل باڑ اور 24/7 ماہر ٹیموں کی نگرانی میں ہے، ہر لینڈنگ اور ٹیک آف سے قبل حفاظتی انتظامات کا معائنہ اور سیفٹی کو یقینی بنایا جاتا ہے، ایئر سائیڈ پر کسی جانور کی موجودگی کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نے ائیر سائیڈ سیفٹی کو مزید سخت کرنے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق سفارشات مانگ لیں، جنرل ایوی ایشن ایریا مرکزی ہوائی اڈے سے متصل مگر کچھ ہٹ کے ہے۔

پی اے اے نے کہا کہ جنرل ایوی ایشن ایریا کے اردگرد دیوار کی مرمت تقریباً مکمل کر لی گئی ہے، ریکارڈ کے مطابق جنگلی جانور کے باعث کسی پرواز کی منسوخی نہیں ہوئی،

جنرل ایویشن ایریا میں آوارہ کتے کے ٹیکسی کرتے طیارے کے قریب آنے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ کراچی ائیرپورٹ پر جنرل ایوی ایشن ایریا(شہری ہوابازی)کے ہینگرز میں کتوں کی بہتات، آوارہ کتوں کا آزادانہ گشت پروازوں کی فلائٹ سیفٹی کے لیے خطرہ بن گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ جنرل جناح ٹرمینل ائیرپورٹ کے جنرل ایوی ایشن ایریا میں مختلف فلائنگ کلبز کے تربیتی طیاروں اورکم گنجائش والے چارٹرطیاروں کی آمدورفت تسلسل سے جاری رہتی ہے، یہ طیارے شہری ہوابازی کے ہینگر سے ٹیکسی کرتے ہوئےمرکزی رن وے کی جانب روانہ ہوتے ہیں،جس کے بعد یہ ٹیک آف کرجاتے ہیں،مگر اس حساس مقام پر کتوں کی بہتات دیکھی گئی۔

آوارہ جانوروں کا یہ آزادانہ مٹرگشت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے، آوارہ کتوں کی بہتات کے سبب جمعے کی شام ایک آوارہ کتا چھوٹے ساخت کے طیارے سے ٹکراتے ٹکراتے بچا،اس صورتحال کے سبب شہری ہوابازی ہینگر سے روانہ ہونے والی پرواز حادثے کے اندیشے کے سبب منسوخ کرنا پڑی۔

اس سے قبل جناح ٹرمینل کے مرکزی رن وے کے اطراف میں بھی آوارہ کتے دیکھے گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری ہوابازی کے ہینگرز کے قرب وجوار میں آوارہ جانوروں کے علاوہ فارن ابجیکٹ ڈیبریز(FOD)بھی خطرہ بن چکا ہے۔

چھوٹے ساخت کے تربیتی اور چارٹرطیاروں کو رن وے تک ٹیکسی وے کے دوران زمین پر موجود مختلف چیزوں سے دشواری کا سامنا ہے،لوہے اور دیگر ٹھوس شکل میں موجود ان چیزوں کی وجہ سے طیاروں کے ٹائرپھٹ جاتے ہیں،ٹائر پھٹنے کے سبب پرواز کی منسوخی اور ٹائر کی تبدیلی کی وجہ سے لاکھوں روپے کا نقصان کا سامنا رہتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں