کراچی؛ ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کا قتل، اہلخانہ کا ملزمان کو جلد گرفتار کرنیکا مطالبہ

نامعلوم مسلح ڈکیتوں نے 3جنوری کی شب موبائل فون چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کیا تھا


اسٹاف رپورٹر January 05, 2025

کراچی:

کورنگی مدینہ کالونی میں موبائل فون چھینے کے دوران مزاحمت پر قتل کیے جانے والے نوجوان کے اہلخانہ نے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے، مقتول نوجوان 6 ماہ کے بیٹے کا باپ تھا۔

تفصیلات کے مطابق 3 جنوری کی شب زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی نمبر تین سیکٹر پچاس اے مدینہ کالونی میں گھر کے باہر نامعلوم مسلح ڈکیتوں نے موبائل فون چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 22 سالہ نوجوان ساحل مسیح ولد مرزا کو قتل کر دیا تھا، پولیس نے مقتول نوجوان کی اہلیہ کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی تھی۔

مقتول نوجوان کے اہلخانہ گزشتہ روز میت وصول کرنے کے لیے چھیپا سرد خانے پہنچے۔ اس موقع پر مقتول نوجوان کے کزن نے بتایا کہ مقتول ساحل کا تعلق پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے تھا اور تین سال قبل مقتول کی شادی ہوئی تھی جس کے بعد مقتول ساحل کراچی منتقل ہوگیا تھا اور کورنگی میں نجی فیکٹری میں صفائی کا کام کرتا تھا، مقتول 6 ماہ کے بیٹے کا باپ بھی تھا۔

مزید پڑھیں؛ کراچی میں نئے سال کے دوسرے ہی روز ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان قتل

کزن نے مزید بتایا کہ جمعے کی شب مقتول گھر سے ڈیوٹی پر جانے کے لیے نکلا تو گھر کے باہر ڈکیت پہنچ گئے، انھوں نے ساحل سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی تو ساحل نے مزاحمت کی جس پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی اور فرار ہوگئے، ساحل سینے پر گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈکیتوں نے بہت زیادتی کی ہے، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور ساحل کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ ساحل کی تدفین کورنگی کے مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں