کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج، 7 افراد زخمی ہونے کا انکشاف

25 سے 30 دہشت گردوں نے کانوائے پر حملہ کیا، ایف آئی آر کا متن


ویب ڈیسک January 05, 2025

پشاور:

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے بگن بازار میں فائرنگ کے واقعے پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں 30 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کرم کے علاقے بگن بازار میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر اور کانوائے پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ دہشگردی کی دفعات کے تحت تھانہ سی ٹی ڈی پشاور میں درج کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ 25 سے 30 دہشت گردوں نے کانوائے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر کرم سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔ جن میں پولیس اور ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں۔

مقدمے میں اقدام قتل ، و دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔ ڈی سی کانوائے پر حملے کا مقدمہ ایڈیشنل ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل بگن بازار میں امداد اور خوراک لے جانے والے کانوائے سے قبل مظاہرین نے دھرنا دیا ہوا تھا، جن سے مذاکرات کیلیے ڈپٹی کمشنر پہنچے تو اُن پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی تھی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر تین گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جبکہ اُن کے ہمراہ پولیس اہلکار اور ایف سی کے جوان موجود تھے وہ بھی زخمی ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر اور دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلیے علی زئی اسپتال منتقل کیا گیا جس کے بعد سب کو مزید علاج کیلیے سی ایم ایچ پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے حملے میں ملوث ملزمان کے خلاف قبائلی عمائدین اور علاقوہ مکینوں کے تعاون سے سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ انتظامیہ نے دو ماہ کیلیے کرم میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں