پاکستانی اداکارہ نیلم منیر خان گزشتہ روز دبئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں، اور ان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ اداکارہ کے عروسی لباس کی قیمت اور دیگر تفصیلات نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
نیلم منیر نے سفید اور سلور کے امتزاج سے تیار کردہ غرارے پر خوبصورت شرٹ اور ہمرنگ دوپٹے کا انتخاب کیا۔ ان کے شوہر محمد راشد کو سفید عربی لباس "ثوب" میں دیکھا گیا۔ نیلم کی پوسٹ کے مطابق، ان کا عروسی لباس مشہور فیشن برانڈ Baroque نے ڈیزائن کیا تھا۔
فیشن برانڈ کی ویب سائٹ کے مطابق، یہ دلکش عروسی لباس سفید شیفون پر ہینڈ ایمبرائیڈری کے ساتھ تیار کیا گیا، جس میں وائٹ پرلز، بیڈز اور سیکوئنسز کا شاندار استعمال کیا گیا ہے۔ برانڈ کے مطابق سلے ہوئے لباس کی قیمت: 49,900 روپے اور ان سلے لباس کی قیمت: 29,900 روپے ہے۔
نیلم منیر کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں نہ صرف ان کے لباس بلکہ جیولری، میک اپ، اور فوٹوگرافی کی تفصیلات بھی مینشن کی گئی ہیں، جو ان کے مداحوں کے درمیان گفتگو کا موضوع بن گئی ہیں۔