امریکا اسرائیل کو مزید 8 ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کرے گا

ان ہتھیاروں میں وارہیڈ، توپ کے گولے، میزائل، بم فیوز اور فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل شامل ہیں


ویب ڈیسک January 05, 2025

واشنگٹن:

جو بائیڈن انتظامیہ اسرائیل کو غزہ کے نہتے مسلمانوں کے قتل عام کے لیے مزید 8 ارب ڈالر کا اسلحہ، ہتھیار اور میزائل فروخت کرنے کی تیاری کررہی ہے۔

الجزیرہ نے امریکی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے سینیٹ اور ایوان نمائندگان کی امور خارجہ کی کمیٹیوں کو ارسال کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جوبائیڈن انتظامیہ اسرائیل کو مزید 8 ارب ڈالر کا اسلحہ اور ہتھیار فروخت کرنے کے لیے تیار ہے۔

ان ہتھیاروں میں 500 پونڈ وزنی وارہیڈ، توپ کے گولے، جیٹ طیاروں اور جنگی ہیلی کاپٹروں کے لیے میزائل، بم فیوز اور فضا سے فضا میں مار کرنےو الے میزائل شامل ہیں۔

امریکی میڈیا میں شائع شدہ خبروں کے مطابق ہتھیاروں کی کچھ ڈلیوری موجودہ اسٹاک میں سے کی جائے گی تاہم زیادہ تر اسلحہ اور میزائل طویل عرصے کے دوران فراہم کیے جائیں گے۔

رواں سال اگست میں بھی  واشنگٹن نے اسرائیل کےلیے 20 ارب  ڈالر کے پیکیج کی منظوری دی تھی جس میں جیٹ طیارے، فوجی گاڑیاں، بم اور میزائل شامل تھے، پھر نومبر میں بائیڈن انتظامیہ نے 68 کروڑ ڈالر کا ایک اور پیکیج منظور کیا تھا جس میں بم اور دیگر جنگی آلات شامل تھے۔

اب جاتے جاتے جو بائیڈن انتظامیہ اسرائیل کو مزید 8 ارب ڈالر کا اسلحہ اور میزائل وغیرہ فروخت  کرنا چاہتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں