پی ٹی آئی کے بار بار مؤقف بدلنے سے مذاکراتی عمل مثبت طور پر آگے نہیں بڑھ سکے گا، عرفان صدیقی

اسد قیصر کے بیان سے لگتا ہے کہ وہ اپنے وعدے اور یقین دہانی پوری کرنے میں مشکل کا سامنا کر رہے ہیں، ترجمان حکومتی ٹیم


ویب ڈیسک January 05, 2025
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بار بار موقف تبدیل کرنے سے مذاکراتی عمل مثبت طور پر آگے نہیں بڑھ سکے گا۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی جن اسٹیک ہولڈر ز کی بات کر رہی ہے، وہ دو ڈھائی سال ان سے اپنی بات منوانے کی کوشش کرتے رہے ہیں لیکن انہوں نے دروازہ نہیں کھولا۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف پی ٹی آئی کہتی ہے کہ حکومت کو اسٹیک ہولڈرز کا اعتماد حاصل ہے اور دوسری طرف اپنا ہی مؤقف تبدیل کر کے شکوک و شہبات پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بار بار مؤقف تبدیل کرنے سے مذاکراتی عمل مثبت طور پر آگے نہیں بڑھ سکے گا۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے مؤقف میں اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ تحریری مطالبات پیش کریں گے لیکن اب وہ مؤقف تبدیل کر رہے ہیں۔

ترجمان حکومتی ٹیم کا کہنا تھا کہ اسد قیصر کے بیان سے لگتا ہے کہ وہ اپنے وعدے اور یقین دہانی کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کو حکومتی مذاکراتی ٹیم پر اعتماد کرنا چاہیے اور سنجیدہ طور پر مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں تعاون کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر قائدین سے ملاقات کا اجلاس میں کبھی ذکر نہیں کیا، دونوں اجلاس کا متفقہ اعلامیہ ریکارڈ پر ہے، اگر ان کا ایسا کوئی مؤقف ہوتا تو اس کا ذکر اس اعلامیے میں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریری مطالبات پیش کرنے کی یقین دہانی اس اعلامیے میں موجود ہے جس سے اب پیچھے ہٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مذاکرات اور عدالتی کارروائیاں دو الگ الگ چیزیں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں