افغانستان میں طالبان حکومت کے نائب وزیر خارجہ نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جراتمند لیڈر قرار دے دیا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق شیر محمد عباس ستانکزئی نے ہفتے کو کابل میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ ٹرمپ ایک جرات مند اور قوت فیصلہ رکھنے والے شخص ہیں، ہم انکی حکومت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
طالبان نائب وزیرِ خارجہ نے کہا کہ دشمن ہمیشہ کے لیے دشمن اور دوست ہمیشہ کے لیے دوست نہیں ہوتے اگر امریکا دوستی چاہے گا تو ہم بھی دوستی کا ہاتھ بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں سوویت یونین نے ہمارے لاکھوں افراد کو مارا لیکن اب ہمارے روس کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، امریکا کو دوحہ معاہدے کا احترام کرتے ہوئے کابل میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنا چاہیے۔
ستانکزئی نے مطالبہ کیا کہ امریکی حکومت افغانستان کے منجمد اثاثے ریلیز اور طالبان رہنماؤں پر عائد پابندیاں ختم کرے، ہم نے دشمنی کے دروازے بند کر دیے اور امید کرتے ہیں کہ نئی امریکی حکومت بھی ہمارے معاملات میں دخل اندازی نہیں کرے گی۔
واضح رہے کہ طالبان نے امریکا اور اتحادی فوج کے انخلا کے بعد 15 اگست 2021 کو کابل کا اقتدار سنبھالا تھا تاہم تین سال سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی تاحال ان کی حکومت کو دنیا کے کسی ملک نے تسلیم نہیں کیا ہے۔