بالی ووڈ کی فلم مہاراج کے ذریعے انڈسٹری میں ڈیبیو کرنے والے عامر خان کے بیٹے جنید خان نے بچپن میں ڈسلیکسیا کا شکار ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جنید خان نے انکشاف کیا ہے کہ چھ سال کی عمر میں ان میں ڈسلیکسیا کی تشخیص ہوئی تھی۔ انہوں نے صحافی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والدین کو ان کی اس حالت کا اندازہ فلم ’ تارے زمین پر‘ کی اسکرپٹ پڑھنے کے بعد ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’کیونکہ اس فلم میں میرے والد نے ایک ایسے استاد کا کردار نبھایا تھا، جو ڈسلیکسیا کے شکار طالب علم کی مدد کرتا ہے۔ تب انہیں اندازہ ہوا کہ ان کا اپنا بیٹا بھی اس ہی بیماری میں مبتلا ہے‘۔
جنید خان نے کہا ’جب میرے والدین نے تارے زمین پر کی کہانی سنی، تو انہوں نے کہا، ’ایک سیکنڈ، یہ تو ہم اپنی زندگی میں دیکھ چکے ہیں۔ اسی وقت انہوں نے مجھے ایک ماہر کے پاس لے جا کر میری تشخیص کروائی‘۔
جنید خان نے والدین کی حمایت کو اپنی کامیابی کی وجہ قرار دیا اور بتایا کہ انہیں والدین کی جانب سے کبھی تعلیمی کارکردگی پر زور نہیں دیا گیا بلکہ مجموعی نشوونما پر توجہ دی گئی۔
یاد رہے کہ جنید خان جلد اپنی دوسری فلم ’لوویاپا‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے جو7 فروری 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔