لاہور؛ اُجرتی قاتل نے عمرے کے ٹکٹ کے عوض قتل کیا، نئے سال کی پہلی واردات کا معمہ حل

مقتول ریاض کو اس کے ہم زلف امتیاز نے مکان کے تنازع پر شوٹر سے قتل کرایا، امتیاز کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا، پولیس

لاہور:

پولیس نے یکم جنوری کو سبزہ زار میں ہونے والے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے عثمان نامی شوٹر کو گرفتار کرلیا، مقتول کے ہم زلف نے اسے قتل کرانے کیلیے اجرتی قاتل کو ہائر کیا تھا، اور قتل کے عوض اسے عمرے کے دو ٹکٹ دیے۔ 

پولیس کے مطابق لاہور میں نئے سال کے پہلے دن ہونے والے ریاض نامی شخص کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے قاتل عثمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، عثمان اجرتی قاتل ہے جس کی خدمات مقتول ریاض کے ہم زلف امتیاز نے حاصل کی تھیں، اور قتل کے عوض اسے دو عمرے کے دو ٹکٹ دیے تھے جبکہ تیس ہزار روپے اور موٹرسائیکل بھی دینے کا وعدہ کیا تھا۔  

پولیس کے مطابق قتل کی واردات مکان کے تنازع پر ہوئی،شوٹر کو مقتول کے موبائل فون پر آنے والی موبائل فون کال سے ٹریس کیا گیا، مقتول اپنی اہلیہ کے ہمراہ بدھ بازار خریداری کے لیے آیا تھا جہاں اسے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ 

 پولیس کا کہنا ہے کہ کرائے کا قاتل مقتول کے ہم زلف کے ساتھ جائے وقوعہ تک آیا تھا جسے گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ واردات کے منصوبہ ساز مقتول کے ہم زلف امتیاز کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ 

قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے امتیاز بھی واردات کے وقت موقع پر موجود تھا، اور  اپنے ہم زلف مقتول ریاض کے جنازے میں بھی موجود رہا۔ 

پولیس کے مطابق گرفتار شوٹر عثمان کو امتیاز نے موٹر سائیکل اور تیس ہزار روپے دینے کا بھی وعدہ کیا تھا۔

 

Load Next Story