ڈی آئی خان:
کرم میں کسی بھی قسم کی شرپسندی روکنے کیلئے پارا چنار شاہراہ پر صبح چھ بجے سے شام چھ بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا، قافلوں کی نقل و حرکت کیلئے راستوں کو محفوظ بنایا جا رہا ہے، نئے ڈپٹی کمشنر کرم محمد اشفاق نے چارج سنبھال لیا ہے، جبکہ قبائلی ضلع کرم میں سخت سیکورٹی اقدامات کا آغاز دفعہ 144 اور کرفیو کے نفاذ سے کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے ڈی سی کرم کی قیادت میں جانے والے قافلے پر فائرنگ کرنے والے نامزد ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران کئی مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کرم میں ہفتہ کے روز ڈپٹی کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ کے بعد واپس بھیجا جانے والا ٹرکوں کا قافلہ ہنگو کے مقام ٹل میں موجود ہے، کرم انتظامیہ کے مطابق راستے کلیئر ہونے کے بعد قافلہ کرم بھیجا جائے گا۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کے مطابق ایپکس کمیٹی کے فیصلوں اور امن معاہدہ پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا، امن قائم کرنے کیلئے شرپسندی کی کو ششوں کو ناکام اور شرپسندوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نبٹا جائے گا۔
کرم میں روڈ کلیئر کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، پارا چنار شاہراہ پر صبح چھ سے شام چھ بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، پولیس نے لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے عوام میں آگاہی کیلئے اعلانات بھی کر دیے ہیں، کرفیو کے دوران کسی کو بھی سڑک پر نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے ڈپٹی کمشنر کرم کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری ہے، قبائلی مشران کو بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنے اور حملہ آوروں کو حوالہ کرنے کا کہا گیا ہے۔ تمام ملوث شرپسندوں کو گرفتار کیا جائے گا، علاقے کو اسلحہ اور بنکرز سے مکمل پاک کیا جائیگا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سی ایم ایچ پشاور میں زخمی سابق ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود اور زخمی سرکاری اہلکاروں کی عیادت کی، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کئیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔