پی ایس ایل 10؛ اسمتھ کی ڈرافٹ میں شمولیت سے معذرت، کین ولیمسن کا بھی انکار
اسٹیو اسمتھ نے پی ایس ایل ڈرافٹ میں شمولیت سے معذرت کر لی، انھوں نے دیگر مصروفیات کو فیصلے کی وجہ قرار دیا ہے جبکہ کین ولیمسن بھی انکار کر چکے ہیں البتہ انھیں منانے کی کوششیں اب بھی جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 10 کا پلیئرز ڈرافٹ 11 جنوری کو ہونا ہے، پی سی بی نے گزشتہ روز غیرملکی کرکٹرز کی ایک اور نظرثانی شدہ فہرست فرنچائزز کو ارسال کردی، اس میں آسٹریلوی اسٹار اسٹیو اسمتھ کا نام موجود ہے البتہ ذرائع کے مطابق وہ ایونٹ میں شرکت سے معذرت کر چکے ہیں، انھوں نے اس کی وجہ اپنی دیگر مصروفیات کو قرار دیا۔
نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن نے بھی پیشکش کا ناں میں جواب دیا مگر انھیں منانے کی کوششیں تاحال جاری ہیں، نئی لسٹ کے پلاٹینم کرکٹرز میں آسٹریلوی ڈیوڈ وارنر، میتھیو شارٹ، ریلی میریڈتھ، اسٹیو اسمتھ ( تصدیق سے مشروط ) ، بنگلہ دیشی مستفیض الرحمان، انگلینڈ کے عادل راشد ، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، جیسن روئے، جونی بیئراسٹو، ٹام کرن اور ٹام کوہلر کیڈمور شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کے فن ایلن ، کین ولیمسن ( تصدیق سے مشروط ) اور مارک چیپمین، سری لنکن چیراتھ اسالنکا، ویسٹ انڈین شائی ہوپ بھی پلاٹینم کیٹیگری کا حصہ ہیں، عادل رشید کی جانب سے بھی ابھی شرکت کی تصدیق کا انتظار ہے۔
دوسری جانب انگلش اسٹارز کے ای سی بی سے این او سی کا مسئلہ بدستور حل طلب ہے۔ کرس ووکس اور جونی بیئراسٹو سمیت انگلش کرکٹرز کے بورڈ سے این او سی کا مسئلہ ابھی حل نہیں ہوا، پی سی بی کی کوششیں جاری ہیں، بنگلہ دیشی شکیب الحسن بولنگ پر پابندی کے سبب صرف بطور بیٹر ایونٹ میں حصہ لے سکیں گے۔
کرکٹ بورڈ آئندہ چند روز میں ایک اور اپ ڈیٹڈ پلیئرز کی فہرست جاری کرے گا، ایونٹ کا انعقاد اپریل اور مئی میں ہونا ہے۔