تبت میں 7.1 شدت کا زلزلہ؛ ہلاکتوں کی تعداد 95 ہوگئیں

زلزلہ منگل کو صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آیا، گہرائی 10 کلومیٹر (6.2 میل) شدت 7.1 تھی، امریکی جیولوجیکل سروے


ویب ڈیسک January 07, 2025

تبت کے دوسرے سب سے بڑے اور مقدس سمجھے جانے والے شہر شگاتسے کے قریب طاقتور زلزلے کے جھٹکوں سے کم از کم 53 افراد کی ہلاکت اور 62 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو گئی جب کہ نیپال میں بھی سیکڑوں کلومیٹر دور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کی شدت کے حوالے سے چینی اور امریکی مانیٹرنگ گروپس نے معلومات فراہم کیں۔

چین کے زلزلہ نیٹ ورکس سینٹر کے مطابق زلزلہ منگل کو مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آیا، اس کی گہرائی 10 کلومیٹر (6.2 میل) اور شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی، جب کہ امریکا کے جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 7.1 رپورٹ کی۔

رپورٹ کے مطابق 6.8 شدت کا زلزلہ طاقتور اور شدید نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے، ایک سے زیادہ آفٹر شاکس بھی رپورٹ کیے گئے جن میں سب سے زور دار جھٹکے 4.4 شدت کے تھے۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے اطلاع دی کہ شہر کے آس پاس کے تین علاقوں میں 9 افراد ہلاک ہوئے، اس کے علاوہ کئی عمارتیں منہدم ہو گئییں اور مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹر نے بیجنگ سے رپورٹنگ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے آنے والی تصاویر میں کئی عمارتیں اور مکانات منہدم دکھائی دے رہے ہیں۔

رپورٹر نے بتایا کہ زلزلے کے شکار علاقے دور دراز پہاڑی دیہات ہیں جہاں رسائی مشکل ہے اور اب موسم سرما کے دوران وہاں تک پہنچنا مزید مشکل ہے، علاقے میں شدید سردی ہے اور یہاں سے کوئی بھی بڑا شہر قریب نہیں ہے۔

نرطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے چین کے سرکاری میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ زلزلے کے جھٹکوں سے کم از کم 53 افراد کی ہلاکت اور 62 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

زلزلے کے جھٹکے تبت کے پڑوس میں واقع ملک نیپال اور بھارت کے کچھ حصوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق اس خطے میں زلزلے عام ہیں جو کہ فالٹ لائن پر واقع ہے۔

شگاتسے کو تبت کے مقدس ترین شہروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، یہ بدھ مت کی ایک اہم شخصیت پنچن لامہ کی روایتی نشست ہے جنہیں دلائی لامہ کے بعد دوسرے نمبر روحانی اتھارٹی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں