جمائما ہائیکنگ کے دوران پہاڑی سے گر گئیں

جمائما جس پہاڑی پر ہائیکنگ کر رہی تھیں وہ سطح سمندر سے 2 ہزار فٹ سے زائد بلند ہے


ویب ڈیسک January 07, 2025
جمائما سال نو کی تعطیلات منانے دوستوں کے ہمراہ جنوبی افریقا کے سیاحتی مقام پر ہیں

عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ  ہائیکنگ کرتے ہوئے پہاڑی سے گرگئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جمائما کو یہ حادثہ جنوبی افریقا کے ایک تفریحی مقام پر ہائیکنگ کے دوران پیش آیا جہاں وہ سال نو کے موقع پر تعطیلات منانے آئی ہیں۔

وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ جنوبی افریقا کی معروف پہاڑی پر ہائیکنگ کر رہی تھیں۔ یہ پہاڑی سطح سمندر سے 2 ہزار فٹ سے زائد بلند ہے۔

جمائما اس پہاڑی کی چوٹی سے نیچے اترتے ہوئے پھسل کر گر گئیں جس کے باعث ان کے کندھے، ٹخنے اور پاؤں میں چوٹیں آئی ہیں۔

جمائما کو زخمی حالت میں کیپ ٹاؤن کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں جمائما نے لکھا کہ وہ حادثہ پیش آنے سے پہلے قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہو رہی تھیں۔

جمائما نے اس پوسٹ میں چند تصاویر بھی شیئر کیں جس میں انھیں اسپتال کے بستر پر دیکھا سکتا ہے اور انھوں نے اپنے زخمی دائیں پاؤں میں حفاظتی جوتے پہنے ہوئے ہیں۔

ایک اور تصویر میں جمائما بیساکھیوں کے ساتھ کھڑی تھی تاہم وہ تکلیف کے باوجود مسکرا رہی تھی۔

اپنی خیریت سے آگاہر کرتے ہوئے جمائما گولڈ اسمتھ نے لکھا کہ میں تیزی سے روبہ صحت ہو رہی ہوں۔ آپ سب کا شکریہ۔

یاد رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی اور دونوں کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں۔

عمران خان اور جمائما کی طلاق 2004 میں ہوئی تھی اور جمائما دونوں بیٹوں کے ساتھ لندن میں مقیم ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں