پختونخوا کے سیاحتی مقامات پر رہائش پذیر نوجوانوں کو قرضہ حسنہ فراہم کرنے کا فیصلہ

متعلقہ علاقوں کے رہائشی اپنے گھر کے ساتھ سیاحوں کے لیے کمرے تعمیر کریں گے، مشیر سیاحت و ثقافت


ویب ڈیسک January 07, 2025

پشاور:

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایات پر صوبے کے سیاحتی مقامات پر رہائش پذیر نوجوانوں کو قرضہ حسنہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی ہدایات پر نوجوانوں کو سیاحت کے فروغ میں شامل کر رہے ہیں، سیاحتی علاقوں میں نوجوانوں کو بلاسود قرضہ فراہم کیا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں کالام سوات، کمراٹ دیر اَپر، لڑم ٹاپ دیر لوئر،اَپر چترال، لوئر چترال، گلیات ایبٹ آباد، کاغان اور مانسہرہ کو شامل کیا گیا ہے۔

زاہد چن زیب نے کہا کہ متعلقہ علاقوں کے رہائشی اپنے گھر کے ساتھ سیاحوں کے لیے کمرے تعمیر کریں گے، قرض حسنہ سے نوجوان اپنے گھروں میں کمروں کی تعمیر سمیت تزئین و آرائش کرسکیں گے۔

مشیر سیاحت و ثقافت نے بتایا کہ پراجیکٹ خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور بینک آف خیبر کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، منصوبے میں خواتین انٹرپرینیورز کو بھی ترجیح دی جائے گی۔

زاہد چن زیب نے کہا کہ تعمیر یا تزئین و آرائش کے لیے 30 لاکھ روپے تک قرضہ فراہم کیا جائے گا، قرضہ حاصل کرنے والے افراد ان کمروں میں سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔

درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 28 جنوری 2025 ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں