لاہور:
ڈھائی فٹ قد کی بزرگ خاتون ہمت کارڈ بنوانے سرگودھا سے لاہور پہنچ گئیں۔ 55 سالہ شمیم بی بی نے بتایا بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام اور احساس پروگرام میں بھی ان کی رجسٹریشن نہیں ہوسکی، وہ ہمت کرکے سرگودھا سے لاہور پہنچی ہیں تاکہ ہمت کارڈ بنوا سکیں۔
ایکسپریس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے شمیم بی بی نے بتایا کہ ان کی جسمانی معذوری کی وجہ سے ان کی شادی نہیں ہوسکی، جبکہ ان کے والدین اورحقیقی بہن بھائی فوت ہوچکے ہیں، وہ تنہا زندگی گزار رہی ہیں اور کسی کے گھر میں رہتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک صاحب حیثیت شخص نے انہیں عمرہ پر بھیجا تھا۔اس کے لیے انہوں نے پاسپورٹ بنوایا تھا۔ پاسپورٹ بننے کی وجہ سے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام اور احساس پروگرام میں ان کی رجسٹریشن نہیں ہوسکی ۔ وہ کہتے ہیں کہ میں غیرشادی شدہ ہوں اور میں نے بیرون ملک سفر کیا ہے اس وجہ سے اہل نہیں ہوں۔
شمیم بی بی نے نم آنکھوں کے ساتھ بتایا کہ وہ بھیک نہیں مانگنا چاہتیں، وہ چاہتی ہیں کہ حکومت ان کی ماہانہ مالی معاونت کرے تاکہ وہ دو وقت کی روٹی کھاسکیں۔ اسی لئے وہ پنجاب سوشل ویلفیئرڈیپارٹمنٹ کے آفس آئی ہیں تاکہ ان کا ہمت کارڈ بن سکے۔
دوسری طرف پنجاب سوشل ویلفیئرڈیپارٹمنٹ کے حکام نے شمیم بی بی کو یقین دہانی کروائی کہ انہیں ہمت کارڈ دیاجائے گا، اور اس کے لئے انہیں دوبارہ لاہور آنے کی ضرورت نہیں ہے، سرگودھا میں ہی سوشل ویلفیئرکا عملہ ان سے رابطہ کرکے ان کا کارڈ بنائے گا۔