ممبئی: بالی ووڈ انڈسٹری میں رومانس کے بادشاہ سمجھے جانے والے مشہور و معروف اداکار کنگ خان نے سب سے زیادہ خوف والی چیز کے بارے میں بات کی ہے۔
بھارت کے کامیڈی شو کا ایک کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں شاہ رخ خان اور عالیہ بھٹ نے بطور مہمان شرکت کی۔
پروگرام کے میزبان کپل شرما نے شاہ رخ خان سے پوچھا کہ آپ کو کس چیز سے سب سے زیادہ خوف آتا ہے۔
اس پر کنگ خان نے بتایا کہ انہیں جس چیز سے خوف آتا ہے سب اُسے سُن کر ہنس پڑیں گے مگر حقیقت یہ ہے کہ مجھے بہت ڈر لگتا ہے۔
شاہ رخ خان نے بتایا کہ انہیں سب سے زیادہ ڈر جھولے سے لگتا ہے۔ کنگ خان نے بتایا کہ انہیں جھولے سے اس قدر ڈر لگتا ہے کہ وہ ساتھ میں جو بھی ہو اُس کا بازو زور سے پکڑ لیتے ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شاہ رخ خان نے بتایا کہ دیوداس فلم میں ایک گانے کے دوران انہوں نے جھولے میں بیٹھ کر منظر عکس بند کروایا تو اُس وقت ایشوریہ کے بازوں کو اتنی زور سے پکڑا کہ اُس میں کھرونچ آگئی تھی۔
پروگرام میں شریک عالیہ بھٹ نے بتایا کہ انہیں اندھیرے سے بہت زیادہ خوف آتا ہے اور وہ اُس جگہ سے فورا ہٹ جاتی ہیں جہاں پر تاریکی ہو۔