مسلسل خراب پرفارمنس کے بعد ویرات کوہلی اور روہت شرما کے مستقبل کے حوالے سے اہم خبر سامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما اور ویرات کوہلی خراب کارکردگی کے باوجود بھارتی ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھیں گے اور دونوں کو کوئی خطرہ نہیں۔
بی سی سی آئی ذرائع نے کہا کہ ٹیم کی خراب پرفارمنس پر بی سی سی آئی ایک جائزہ میٹنگ کرے گا لیکن کسی کو ‘باہر’ نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع نے کہا کہ کسی سیریز میں بلے بازوں کی خراب کارکردگی پر کوچ کو نہیں ہٹا سکتے، گوتم گمبھیر کوچ رہیں گے، ویرات اور روہت شرما انگلینڈ سیریز میں کھیلیں گے، اب توجہ چیمپئنز ٹرافی پر مرکوز ہوگی۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے سال کا اختتام ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے بدترین سیزن کے ساتھ کیا۔ پہلی بار ٹیم انڈیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف 12 سال بعد ہوم ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا، یہ پہلا موقع تھا جب ٹیم انڈیا کو ہوم ٹیسٹ سیریز میں 3-0 کی شرمناک شکست ہوئی، اس کے بعد بھارت 10 سال بعد بارڈر گاوسکر ٹرافی بھی ہار گیا۔
کپتان روہت شرما کی فارم آسٹریلیا میں کافی خراب تھی۔ انہوں نے پانچ اننگز میں صرف 31 رنز بنائے جبکہ ویرات کوہلی نے پہلے ٹیسٹ کا آغاز سنچری سے کیا لیکن اس کے وہ باقی میچوں میں ایک بھی نصف سنچری اسکور نہ کر سکے اور نو اننگز میں 23.95 کی اوسط سے 190 رنز بنائے۔
گوتم گمبھیر کا کوچنگ ڈیبیو بھی مایوس کن رہا۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف خراب کارکردگی سے قبل بھارت سری لنکا کے خلاف 27 سال بعد دو طرفہ ون ڈے سیریز بھی ہار گیا۔