انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں ایک کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

8 مختلف کارروائیوں میں 7 ملزمان کو گرفتار کرکے 65.928 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی


ویب ڈیسک January 08, 2025
(فوٹو: فائل)

راولپنڈی:

اے این ایف نے انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے  مطابق ملک بھر میں تعلیمی اداروں کے گردونواح اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس سلسلے میں 8 مختلف کارروائیوں میں 7 ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ سے زائد مالیت کی 65.928 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

اے این ایف نے اسلام آباد میں بس اسٹاپ کے قریب ملزم سے 1.4 کلو چرس برآمد کرلی، اسی طرح نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب 2ملزمان سے 30 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد میں کوریئر آفس کے ذریعے مالدیپ بھیجے جانے والے پارسل سے 112 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح اسلام آباد میں F/17  سوسائٹی کے قریب  3.6 کلو افیون اور 48 کلو چرس برآمد ہوئی۔

اُدھر بلوچستان کے علاقے گوادر میں ملزم سے 6 کلو آئس برآمد کی گئی۔ ایم ٹو اسلام آباد پر گاڑی میں چھپائی گئی 2 کلو ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب موٹرسائیکل میں چھپائی گئی  1.8 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ دوسری جانب بلیلی کوئٹہ کے قریب  گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3 کلو آئس برآمد کرکے  دوران کارروائی افغان باشندے کو گرفتار کرلیا۔

تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں