بھارتی سیکیورٹی فورسز کی سری نگر سینٹرل جیل میں قرآن پاک کی بے حرمتی
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کی قابض فورسز کے اہلکاروں نے سری نگر سینٹرل جیل میں چھاپہ مار کارروائی کی آڑ میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی ناپاک جسارت کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز رونما ہوا۔ قرآن مجید کی بے حرمتی سے قیدیوں اور عوام میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
عینی شاہدین نے اس منظر کو دل دہلا دینے والا قرار دیتے ہوئے بتایا کہ قرآن پاک کو بھارتی فورسز نے جان بوجھ کر بیرکوں میں پھینکا۔
سری نگر جیل کے قیدیوں نے بھارتی فورسز کی اس ناپاک جسارت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز کا یہ عمل اشتعال انگیز اور توہین آمیز ہے۔
کشمیری رہنماؤں نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے ذمہ دار چھاپہ مار پارٹی کے ارکان کو گرفتار کرکے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
مذہبی رہنماؤں کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی سے قیدیوں سمیت تمام مسلمانوں کے دل غم زدہ ہیں اور انھیں روحانی اور جذباتی طور پر گہرا صدمہ پہنچا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی قرآن کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری شناخت اور مذہبی عقائد کے خلاف بھارتی قابض حکومت کی انسانی اور مذہبی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی اس واقعے کی مزید تحقیقات اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا بھی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے عالمی برادری اور مسلم اکثریتی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کے مذہبی جذبات کا احترام کیا جائے۔