​​​​​​​بھکاری کے ساتھ بھاگنے والی عورت کی اصل کہانی سامنے آگئی

راجیشوری نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا ہے کہ اس کا شوہر تشدد کیا کرتا تھا

بھارتی ریاست اتر پردیش میں چھ بچوں کی ماں کا اپنے شوہر اور بچوں کو چھوڑ کر بھکاری کے ساتھ بھاگنے کے واقعے کی اصل کہانی سامنے آگئی ہے۔

گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بھارت کی ایک خاتون اپنے شوہر اور چھ بچوں کو چھوڑ کر بھکاری کے ساتھ بھاگ گئی ہے، لیکن اب اس خاتون کا بیان منظرعام پر آنے کے بعد اس کہانی کا ایک الگ زاویہ سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیشوری نے منظرعام پر آکر پولیس میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا ہے اور اپنے شوہر کی طرف سے لگائے جانے والے تمام الزامات مسترد کردیے ہیں۔

36 سالہ راجیشوری نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے ظلم و ستم سے تنگ آکر گھر سے گئی ہے اور اپنے کسی قریبی رشتے دار کے گھر ٹھہری ہوئی ہے۔ اس پر بھکاری کے ساتھ بھاگنے کا الزام غلط ہے۔

راجیشوری نے پولیس کو بتایا ہے کہ اس کا شوہر اس پر روز تشدد کیا کرتا تھا اور روز کی اس مارپیٹ کی وجہ سے اس نے گھر چھوڑ دینے کا منصوبہ بنایا تھا۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق راجیشوری کے بیانات کے بعد پولیس نے اس کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جب یہ خبر منظرعام پر آئی تو اس کی تفصیلات کے مطابق ہریال پور کے رہائشی 45 سالہ راجو نے الزام عائد کیا تھا کہ اس کے بیوی محلے میں بھیک مانگنے والے ایک شخص کے ساتھ بھاگ گئی ہے۔

راجیشوری کے چھ بچے ہیں۔ راجو کے مطابق 45 سالہ ننھا پنڈت نامی بھکاری محلے میں آتا تھا جس سے اس کی بیوی بات چیت کیا کرتی تھی، اور بعد میں ان کی فون پر دوستی ہوگئی تھی۔

راجو نے کہا تھا کہ 3 جنوری کی دوپہر راجیشوری اپنی بیٹی کو بتا کر سبزی لینے گئی تھی لیکن واپس نہیں آئی۔ اس نے الزام لگایا تھا کہ مجھے شک ہے کہ میری بیوی کو بھکاری ننھا پنڈت بھگا کر لے گیا ہے اور بیوی بھینس بیچ کر حاصل کی گئی رقم بھی ساتھ لے گئی ہے۔

Load Next Story

@media only screen and (max-width: 1024px) { div#google_ads_iframe_\/11952262\/express-sports-story-1_0__container__ { margin-bottom: 15px; } }