اسلام آباد میں مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم پر عالمی کانفرنس ہوگی
وفاقی دارالحکومت مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم پر عالمی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کرے گا جو رواں ماہ ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت 11 تا 12 جنوری 2025 کو مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم پر عالمی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔
دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق تقریب کا موضوع مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم، چیلنجز اور مواقع" ہے اور اس کا مقصد دنیا بھر میں مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم کے سلسلے میں درپیش چیلنجزسے نمٹنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس اعلیٰ سطح پر بات چیت اور تعاون کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کرے گی اور وزیر اعظم شہباز شریف تقریب کا افتتاح کے بعد کلیدی خطاب کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم لڑکیوں کی تعلیم اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے قوم کے عزم کا اعادہ کریں گے، تقریب میں 44 مسلم اور دوست ممالک کے وزرا، سفیروں سمیت بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے۔
دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق کانفرنس کا اختتام اسلام آباد اعلامیہ پر دستخط کی رسمی تقریب سے ہوگا۔