خیبر پختونخوا حکومت نے خصوصی افراد کی مالی معاونت شروع کردی

فنانشل اسسٹنس پروگرام کے تحت صوبے کے 37 ہزار خصوصی افراد کو فی کس 10 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں

فوٹو: فائل

پشاور:

خیبر پختونخوا حکومت نے خصوصی افراد کی مالی معاونت کے لیے 37 کروڑ روپے مالیت سے فنانشل اسسٹنس پروگرام کا اجراکر دیا، فنانشل اسسٹنس پروگرام کے تحت صوبے کے 37 ہزار خصوصی افراد کو فی کس 10 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔ 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روز پروگرام کا با ضابطہ اجراکیا۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ نے خصوصی افراد میں مالی امداد کے چیک تقسیم کیے۔ صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ کے علاوہ اراکین صوبائی اسمبلی ، محکمہ سماجی بہبود کے اعلیٰ حکام اور خصوصی افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

فنانشل اسسٹنس پروگرام کے تحت صوبے کے 37 ہزار خصوصی افراد کو فی کس 10 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔  وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سرکاری کاغذات میں ’ معذور ‘ کا لفظ لکھنے کی ممانعت ہوگی،ان افراد کے لیے تمام سرکاری کاغذات میں خصوصی افراد کا لفظ لکھا جائے۔ خصوصی افراد منفرد اور خصوصی صلاحیتوں کے مالک  ہوتے ہیں، انہیں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ خصوصی افراد سمیت معاشرے کے تمام کمزور طبقوں کی سرپرستی ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ معاشرے کے کمزور طبقوں کے لیے فلاحی اقدامات بانی چیئرمین کے وژن کا اہم جز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں خصوصی افراد سمیت کوئی بھی کمزور طبقہ حکومتی سپورٹ کے بغیر نہیں رہے گا، بے سہارا اور بے آسرا لوگوں کی ذمہ داری صوبائی حکومت لے گی۔ معاشرے کے کمزور طبقوں کی معاونت کے لیے ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں خصوصی افراد، بیواؤں اور یتیموں سمیت تمام مستحق لوگوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے جبکہ صوبائی حکومت کے تمام فلاحی اقدامات کو مستقل بنیادوں پر چلانے کے لیے انہیں ریگولر بجٹ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ فلاحی اقدامات اور کمزور طبقوں کی معاونت کے لیے مالی وسائل کی کوئی کمی نہیں ہوگی، خصوصی افراد کا الیکٹرک وہیل چیئرز کی فراہمی کا پروگرام شروع کر رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں خصوصی سرکاری ملازمین اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے خصوصی طلبہ کو الیکٹرک ویل چیئرز دیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں اسکولوں میں زیر تعلیم خصوصی طلبہ کو ویل چیئرز دی جائیں گی۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے جہیز فنڈ سے دی جانے والی رقم کو 25 ہزار روپے سے بڑھا کر2 لاکھ کر دیا ہے جبکہ زکوٰة کی مد میں دی جانے والی رقم کو بڑھا کر دگنا کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  ضعیف اور بیوہ خواتین کی معاونت کے لیے راشن کارڈ کا اجرا کر رہے ہیں جبکہ یتیم و یسیر بچوں کی کفالت کے لیے بھی پروگرام شروع کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بے سہارا  بزرگ شہریوں کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ اولڈ ہوم بنائیں گے جس میں تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، خواجہ سراؤں کے لیے پناہ گاہ قائم کر رہے ہیں جہاں وہ عزت سے رہ سکیں گے۔
 

Load Next Story

@media only screen and (max-width: 1024px) { div#google_ads_iframe_\/11952262\/express-sports-story-1_0__container__ { margin-bottom: 15px; } }