بارڈر-گواسکر ٹرافی کے آخری ٹیسٹ میچ میں استعمال ہونے والی سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کی پچ کو آئی سی سی میچ ریفری نے تسلی بخش قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق گراؤنڈز مین نے اس سیزن کی ٹیسٹ پچ کے لیے نئی قسم کی گھاس استعمال کی تھی جس کو گزشتہ شیفلڈ شیلڈ سیزن میں آزمایا گیا تھا، اور نتیجتاً سڈنی ٹیسٹ تاریخ کا تیسرا مختصر ترین ٹیسٹ بن گیا۔
میچ میں صرف دو نصف سینچریاں اسکور کی گئیں جن میں سے ایک آسٹریلیا کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے بیو ویبسٹر اور دوسری رشبھ پنت کی تھی۔
آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے میچ کے بعد پچ کو ڈراؤنا خواب قرار دیا تھا جبکہ ان کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے تھے کہ کنڈیشن بولرز کو مدد دیں، اس بات کے باوجود کہ انہیں سیریز جیتنے کےلیے ایک ڈرا کی ضرورت تھی۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کوچ گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایسی پچز کا بنا ضروری ہے۔