افغان طالبان کی بھارت سے دوستی کی کوششیں، امیرخان متقی کی بھارتی سیکریٹری سے ملاقات

بھارت نے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ مستقبل قریب میں افغانستان میں بڑی سرمایہ کاری پر غور کر رہے ہیں


ویب ڈیسک January 08, 2025
افغان عبوری وزیرخارجہ نے بھارتی سیکریٹری سے دبئی میں ملاقات کی—فوٹو: بھارتی وزارت خارجہ فیس بک

NEW DELH:

بھارت نے سیکریٹری خارجہ کی طالبان کے عبوری وزیرخارجہ امیرخان متقی سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ افغانستان میں بڑی سرمایہ کاری پر غور کر رہے ہیں۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ بھارت مستقبل قریب میں افغانستان میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر غور کر رہا ہے۔

بھارت نے طالبان حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات نہ ہونے کے باوجود سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔

دبئی میں بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری اور افغانستان کے عبوری وزیرخارجہ امیرخان متقی کے درمیان ملاقات کے بعد بھارت کی جانب سے یہ اہم بیان جاری کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ افغانستان کی درخواست پر بھارت پہلے مرحلے میں صحت کے شعبے اور مہاجرین کی بحالی کے لیے تعاون کرے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارت اب تک افغانستان کو گندم، ادویات، کووڈ ویکسینز اور سردیوں کے کپڑوں کی کئی شپمنٹس بھیج چکا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے تاحال افغانستان کی طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا جبکہ طالبان نے 2021 میں حکومت سنبھال لی تھی لیکن اس کے فوری بعد بھارت نے کابل میں اپنا سفارت خانہ بند کردیا تھا۔

بعد ازاں نومبر 2023 میں نئی دہلی میں افغانستان کا سفارت خانہ بھی بند ہوگیا تھا کیونکہ سابق افغان حکومت کے تعینات سفارت کار سبک دوش ہوگئے تھے اور طالبان حکومت بھارتی حکومت سے ان کے ویزوں میں توسیع حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں