LONDON:
تاریخی حج نوٹس کا اجرا حج جیسے مقدس فریضے کی انجام دہی کے لیے کرنسی کے طور پر جاری کیے جاتے تھے اور اس 100 روپے کے نوٹ کی نیلامی لاکھوں روپے میں ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں حج نوٹ کی نیلامی ہے اور 100 روپے کا نوٹ 56 لاکھ 49 ہزار 650 روپے میں فروخت ہوگیا۔
منفرد نوٹ کا اجرا ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے 1950 کی دہائی میں کیا گیا اور اس کا سیریل نمبر HA 078400 تھا۔
نوٹ کی انفرادیت اس لیے بھی تھی کہ اس کو حج نوٹس کا نام دیا گیا ہے اور ریزرو بینک نے حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے والے عازمین کو سفر میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے جاری کیا تھا۔
ان نوٹس کے اجرا کا ایک اہم مقصد انڈین کرنسی کے ذریعے سونے کی غیرقانونی خریداری روکنا تھا۔
نوٹس کی پہچان کے لیے سیریز کی نسبت سے HA لکھ کر نمایاں کردیا گیا تھا، جس سے یہ نوٹ معمول کے کرنسی نوٹ سے مختلف نظر آتا تھا، اسی طرح نوٹس کی انفرادیت اس کا رنگ بھی تھا جو اس کو بھارت کی عام کرنسی سے الگ ظاہر کرتا ہے۔
دلچسپ امر یہ تھا کہ ان نوٹس کو متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت اور عمان سمیت خلیجی ممالک میں قانونی حیثیت حاصل تھی جبکہ بھارت کے اندرعام استعمال کے لیے قانونی طور پر تسلیم نہیں کیا جاتا تھا۔
حج نوٹس کوحج کی ادائیگی کے لیے قانونی حیثیت دی گئی تھی تاہم 1961 میں کویت نے اپنی کرنسی متعارف کرائی اور اس کے ساتھ ساتھ دیگر خلیجی ممالک نے بھی اپنی کرنسی پیش کی اور اس کے نتیجے میں حج نوٹس کی ضرورت بتدریج کم ہوئی۔
خلیجی ممالک کے اس اقدام کے 1970 کی دہائی میں حج نوٹس کا اجرا باقاعدہ طور پر ختم کردیا گیا۔
تاریخی اور ثقافتی اہمیت کی وجہ سے آج ان حج نوٹس کی شہریوں میں بڑی مانگ ہے اور اسی لیے بھاری قیمت ادا کرکے اس کو حاصل کیا گیا۔