بھارتی فضائیہ کا غیرپیشہ ورانہ طرزعمل ایک بار پھرمنظرعام پر آگیا، مودی سرکار کے دورحکومت میں بھارتی فضائیہ کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل اے پی سنگھ نے جنگی طیاروں کی کمیشن میں تاخیر پر شدید ردعمل دیا اور کہا کہ تیجس پروجیکٹ کا آغاز 1986 میں ہوا جبکہ پہلا طیارہ اس کے آغاز کے 17 برس بعد اڑا، ٹیسٹنگ کے 16 سال بعد یہ طیارہ بھارتی فضائیہ میں شامل ہوا۔
سربراہ بھارتی فضائیہ نے کہا کہ اب تک بھارتی فضائیہ میں 40 طیارے بھی شامل نہیں ہوسکے، یہ نااہلی ہماری صلاحیتوں پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، وقت کی حساسیت کو نہ سمجھتے ہوئے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ نے اپنی اہمیت کھو دی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ نے ناکامی کے ڈر سے وقت ضائع کر دیا ہے، جو ملک اہم پروجیکٹس کو بر وقت مکمل نہیں کر سکتا، اسے ٹیکنالوجی کا کوئی فائدہ نہیں۔
رپورٹس میں کہا گیا کہ طیاروں کی مینوفیکچرنگ میں مسلسل توسیع نے بی جے پی حکومت کی ناکام پالیسیوں کو بے نقاب کر دیا، مودی کے دور حکومت میں بھارتی فضائیہ بے شمار حادثات کا شکار ہوئی، گزشتہ 5 سالوں میں 46 فضائی حادثات میں ہلاک ہونے والے بھارتی پائلٹس کی تعداد 42 ہے۔
رپورٹ کے مطابق مودی سرکار کی جانب سے اس طرح کے اقدامات نے یہ واضح کر دیا کہ بھارتی حکومت مالی فائدے کے لیے ملک کے اہم اداروں کو تباہ کر سکتی ہے، آئے روز بھارتی فضائیہ کے طیاروں کے حادثات بھارتی فضائیہ کے غیر پیشہ ورانہ طرز عمل کا واضح ثبوت ہیں۔